ممبئی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آج مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے سے ان کی رہائش گاہ ماتوشری پر ملاقات کی۔ اس دوران پنجاب کے وزیراعلی بھگونت مان بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ ملاقات کے بعد ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ہم وہ لوگ ہیں جو رشتے پر یقین رکھتے ہیں اور اس کا خیال رکھتے ہیں، اگلا برس الیکشن کا ہے۔ اس لیے اگر اس بار ٹرین چھوٹ گئی تو ہمارے ملک میں جمہوریت ختم ہو جائے گی۔ اس لیے ہمیں جمہوریت کو بچانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ چند روز قبل سپریم کورٹ نے دو فیصلے دیے جن میں سے ایک دہلی کے بارے میں تھا اور دوسرا شیو سینا کے بارے میں تھا۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے جو فیصلہ دیا وہ جمہوریت کو بچانے کے لیے تھا تاہم مرکزی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف آرڈیننس لے کر آئی ہے جو کہ سراسر غلط ہے۔ بتا دیں کہ اب اروند کیجریوال آرڈیننس کے معاملے کو لیکر مہاوکاس اگھاڑی کے کنوینر شرد پوار سے بھی ملاقات کریں گے۔ منگل کو کیجریوال نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے بھی ملاقات کی اور ان سے تعاون طلب کیا۔