اردو

urdu

ETV Bharat / state

Kejriwal Meets Sharad Pawar اروند کیجریوال کی شرد پوار سے ملاقات - دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار سے ملاقات کی۔

اروند کیجریوال کی شرد پوار سے ملاقات
اروند کیجریوال کی شرد پوار سے ملاقات

By

Published : May 25, 2023, 8:49 PM IST

ممبئی:دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے ساتھ پنجاب کے وزیراعلی بھگونت مان، اے اے پی لیڈر راگھو چڈھا اور دیگر نے جمعرات کو شرد پوار سے ملا قات کی۔ گزشتہ روز انہوں نے شیوسینا لیڈر اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے بھی ممبئی میں ملاقات کی تھی تاکہ قومی دارالحکومت میں انتظامی خدمات کے کنٹرول سے متعلق مرکز کے آرڈیننس کے خلاف حمایت حاصل کی جا سکے۔ ٹھاکرے کی رہائش گاہ ماتوشری میں ہونے والی میٹنگ میں سینا لیڈر سنجے راوت اور دیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں انہوں نے مشترکہ طور پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

وہیں آج دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار سے ملاقات کی، انہوں نے عام آدمی پارٹی کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف اپنے اختیارات کے تحفظ کی لڑائی میں 'مکمل حمایت' کی پیشکش کی۔ پوار نے کجریوال-مان اور دیگر لیڈروں کے ساتھ آدھے گھنٹے کی ملاقات کے بعد اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 'جمہوریت پر بی جے پی حملہ آور ہے… ہم سب کو متحد ہو کر اس کی حفاظت کرنی چاہیے۔ عوام کی منتخب کردہ حکومتوں کے حقوق چھیننے اور ان کے لیے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ہم پارلیمنٹ میں عآپ کی لڑائی کی مکمل حمایت کریں گے۔

پوار نے کہا کہ یہ اب دہلی ریاست یا کسی فرد پارٹی تک محدود نہیں ہے، بلکہ ہر ریاست، خاص طور پر غیر بی جے پی ریاستوں سے متعلق ایک قومی مسئلہ ہے اور وہ جمہوریت کی حفاظت کے لیے اس تحریک میں شامل ہونے اور متحد ہو کر لڑنے کے لیے تمام غیر بی جے پی جماعتوں سے بات کریں گے۔ وہیں اس موقع پر کیجریوال نے کہا کہ سپریم کورٹ میں 8 سال کی طویل قانونی جنگ کے بعد بھی بی جے پی دہلی کے لوگوں کے ساتھ بڑی ناانصافی کر رہی ہے اور اب مرکز نے عہدیداروں کی تقرری پر ریاست کے حقوق کو غصب کرنے کے لیے آرڈیننس لایا ہے۔

کیجریوال نے کہاکہ یہ جدوجہد دہلی سے آگے بڑھ چکی ہے۔ یہ ملک کے وفاقی ڈھانچے کی حفاظت کی لڑائی ہے جسے بی جے پی کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ غیر بی جے پی ریاستوں میں بی جے پی کی چالوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عوام اس کے خلاف ووٹ دیتے ہیں تو بی جے پی حکومت گرانے کے لیے اپنے ایم ایل اے کو خریدتی ہے یا مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کو اپنے لیڈروں کو پکڑنے کے لیے یا گورنروں کے ذریعے ہراساں کرنے کے لیے لگاتی ہے۔ منتخب حکومتوں کو کام نہیں کرنے دیں گے۔

کیجریوال نے زور دیاکہ یہ پیغام ہے کہ اگر لوگ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے ہیں تو وہ یا تو اسے نیچے لائیں گے یا اسے کام کرنے نہیں دیں گے… یہ رکنا چاہیے اور ہمیں متحد ہو کر جمہوریت اور وفاقی ڈھانچہ کو بچانا ہے۔ وہیں بھگونت نے کہاکہ ہمیں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہا جاتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اسے مختلف طریقوں سے مارنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں… ریاستی راج بھون بی جے پی کے ہیڈ کوارٹر کی طرح بن چکے ہیں اور گورنر ریاستی حکومت کے ہر معمول کے کام میں مداخلت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: Kejriwal Meets Uddhav Thackeray اروند کیجریوال کی اودھو ٹھاکرے سے ملاقات

بتا دیں کہ بدھ کے روز کجریوال-مان نے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی اور دہلی کے حقوق کے لیے اپنی مہم میں شیو سینا (یو بی ٹی) کی حمایت حاصل کی اور اس سے قبل ملک بھر کے دیگر وزیر اعلیٰ اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کر چکے ہیں۔ کیجریوال نے کہا کہ وہ کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی سے ان کی حمایت کے لیے ملاقات کا وقت لیں گے۔

یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details