اردو

urdu

ETV Bharat / state

مفتی سعید احمد پالنپوری کا انتقال ایک عظیم سانحہ: مولانا ارشد مدنی - مولانا ارشدمدنی

دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث و صدرالمدرسین حضرت مولانا سعید احمد پالنپوری کے ممبئی میں انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ان کا درس حدیث مختلف علوم وفنون پر دسترس کی بنیاد پر بہت ہی ممتاز سمجھا جاتا تھا۔

By

Published : May 20, 2020, 1:22 PM IST

مولانا ارشد مدنی نے جاری تعزیتی بیان میں کہا کہ حضرت مولانا سعید احمد پالنپوری ؒ دارالعلوم دیوبند کے ابنائے قدیم میں سے تھے، مولانا بچپن ہی سے نہایت ذہین وفطین، کتب بینی اورمحنت کے عادی تھے اپنی ذہانت وذکاوت کی وجہ سے مخلتف علوم وفنون اورخاص طورپر فقہ اورحدیث میں ممتاز جانے جاتے تھے، فراغت کے بعد مختلف مدرسوں میں علم حدیث کی خدمت کرتے رہے اور پھر تقریبا 47سال پہلے دارالعلوم دیوبند نے مادرعلمی کی خدمت کے لیے دارالعلوم میں بلالیا، اسی وقت سے ان کا علم حدیث سے خاص شغف رہا ہے، اس وقت موصوف دارالعلوم کے شیخ الحدیث اور صدرمدرس تھے بخاری شریف کا درس دیا کرتے تھے، اس زمانہ میں ان کا درس حدیث مختلف علوم وفنون پر دسترس کی بنیادپر بہت ہی ممتاز سمجھاجاتاتھا، اگر یہ کہا جائے کہ داراالعلوم کے مسند حدیث کے امتیاز کو انہوں نے قائم کررکھا تھا تو اس میں کوئی مبالغہ نہ ہوگا،اس کے علاوہ مولانا مرحوم کی متعدد تصانیف ہیں جس سے لوگ مستقبل میں استفادہ کرتے رہیں گے۔

مولانا مرحوم دارالعلوم کے شعبہ ختم نبوت کے ناظم بھی تھے، ہمیں افسوس ہے کہ مولانا ہم سے جداہوگئے، وہ زمانہ سے شوگرکے مریض تھے اوراس وقت ان کے عوارض یکے بعد دیگر ے بڑھتے گئے یہاں تک کہ انہوں ہم کو داغ مفارقت دیدیا،ہماری بارگاہ خداوندی میں دعاء ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی بال بال مغفرت فرمائے اور درالعلوم کو اس کا نعم البدل عطافرمائے اورمولانا مرحوم کی علمی وصلبی اولادکی نگہبانی فرمائے ہم سب خدام جمعیۃ ان کے غم میں برابرکے شریک ہیں، میری جماعتی احباب اہل مدارس،علماء کرام، طلباء عزیز، ابنائے دارالعلوم اور مسلمانوں سے حضرت مرحوم کی مغفرت وترقی درجات کے لیے اورپسماندگان،اعزاواقارب کے لئے بارگاہ خداوندی میں صبرجمیل کی دعاء کی اپیل ہے۔

واضح رہے کہ دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث وصدرالمدرسین حضرت مولانا سعید احمد پالنپوری ؒ آج صبح بمبئی میں انتقال فرماگئے۔ وہ شوگر کے عارضہ میں مبتلا تھے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details