ارنب گوسوامی کی جانب سے آج ممبئی ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت کےلیے درخواست داخل کی گئی جس کی سماعت کرتے ہوئے دو رکنی بینچ نے کہا کہ ’اس مسئلہ پر تفصیلی بحث کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا‘ اور سماعت کو اگلے روز تک کےلیے ملتوی کردیا۔
آج عبوری ضمانت کی عرضی قبول نہ ہونے کی وجہ سے ارنب گوسوامی کو کم از کم ایک اور روز جیل میں رہنا ہوگا۔
ارنب گوسوامی نے آج ان کی غیرقانونی گرفتاری کے خلاف حبس کارپس کی رٹ داخل کی اور عدالت سے مقدمہ کو کالعدم کرنے اور ان کی گرفتاری کو منسوخ کرنے کی التجا کی۔
سینئر وکلاء ہریش سالوے اور آبد پونڈا میں استدلال پیش کیا کہ بند کیس کو دوبارہ کھولنا اور گوسوامی کی گرفتاری غیر قانونی ہے کیونکہ اس سلسلہ میں کسی عدالت یا مجسٹریٹ سے کوئی منظوری نہیں لی گئی۔
ہریش سالوے نے گوسوامی کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ پیشہ صحافت کی وجہ سے ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے عدالت سے کہا کہ ’براہ کرم گوسوامی کو عبوری طور پر رہا کریں اور بعد میں اس کیس پر تفصیلی سماعت کریں۔
تاہم عدالت نے کہا کہ اس وقت تک عبوری ضمانت کی عرضی کو قبول نہیں کیا جائے گا جب تک کہ دونوں فریقین کی باتیں نہ سنی جائیں۔ عدالت نے کہا کہ دونوں فریقین کی سماعت کے بعد جمعہ کے روز مناسب احکامات جاری کئے جائیں گے اور نائک کے اہل خانہ کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی بھی سماعت کی جائے گی۔