اردو

urdu

ETV Bharat / state

'مسلمانوں کی حب الوطنی پر کوئی شک نہیں'

انجمن اسلام لاء کو مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ بیرسٹر عبدالرحمن انتولے کے نام سے منسوب کرنے کی شاندار تقریب میں بلاتفریق سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں نے شرکت کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

Chief Minister Uddhav Thackeray
وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے

By

Published : Feb 23, 2020, 11:15 PM IST

Updated : Mar 2, 2020, 8:38 AM IST

انجمن اسلام میں مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ عبدالرحمن انتولے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک تجربہ کار سیاستداں قرار دیا گیا، اس موقع پروزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے ،این سی پی رہنما شردپوار ،راجیہ سبھامیں اپوزیشن رہنما غلام نبی آزاد اور شاعر ونغمہ نگار جاوید اختر نے خیالات پیش کرتے ہوئے انہیں بے باک اور نڈر رہنما بتایا جس کا ایک پہلو ادب سے ان کی انیست بھی تھی اور اپنی منگیتر نرگس انتولے کو خطوط بھی لکھے جوکہ ان کے زور قلم کا نتیجہ ہے ،اس کتاب ”بنام نرگس بقلم عبدالرحمن انتولے“کا اجراء بھی عمل میں آیا۔جسے ان کی صاحبزادی نیلم مشتاق انتولے نے کیا ہے۔

اس موقع پرعبدالرحمان انتولے کے ذریعہ لکھی گئی کتاب” بنام نرگس بہ قلم انتولے“ کے رسم اجراءکے موقع پر این سی پی کے صدر شردپوار نے مرحوم عبدالرحمان انتولے کے تعلق سے بہت مفید باتیں بتاتے ہوئے کہا کہ جب وہ وزیر اعلیٰ تھے تب وہ کرتا ہوں، دیکھتا ہوں، کروں گا یہ سب جملے کبھی استعمال نہیں کیا بلکہ ان کے سامنے کوئی بھی کام آتا تھا اس کو فوراً کر دیا کرتے تھے۔

بیرسٹر عبدالرحمان انتولے جتنے اچھے سیاست داں تھے، گھریلو زندگی میں بھی ایک کامیاب انسان تھے۔شردپوار نے عبدالرحمان انتولے کے ساتھ گزرے ہوئے ماضی کے واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سب سے اہم خوبی یہ تھی کہ وہ روز اپنی شریک حیات کو اس زمانے میں خط لکھا کرتے تھے ،جب سوشل میڈیا،انٹرنیٹ اور وہاٹس اپ کا زمانہ نہیں تھا بلکہ ڈاکیہ کے ذریعے خط موصول ہوا کرتے تھے۔ عبدالرحمان انتولے ایک سچے عاشق بھی تھے کیونکہ وہ روز اپنی ہونے والی بیوی کو خط لکھ کر سیاسی رموز و نکات کے ساتھ ساتھ عشق و معاشقہ کا بھی تذکرہ کیا کرتے تھے۔

عبدالرحمان انتولے کی کتاب کی ورق گردانی کرتے ہوئے لفظ ” جان منِِ“ پر آکر رک گئے اور کہا کہ اس سے آگے میں نہیں کہوں گا کیونکہ یہ باتیں میرے بڑے بھائی عبدالرحمان اپنی بیوی کے بارے میں لکھا ہے۔

اس پروگرام کے صدر وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے نے کہا کہ ”ہر ہندوستانی خواہ وہ کسی بھی مذہب کا ہو وہ میرابھائی ہے اس کا بھی اس ملک پر اتنا ہی حق جتنا میرا ہے ۔ میں کئی برس تک انجمن اسلام کا پڑوسی رہ چکا ہوں مجھے یہ بات کہتے ہوئے بڑی خوشی محسوس ہوتی ہے کہ یہاں پر40فیصد سے زیادہ غیر مسلم بچیاں اور بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ تعلیم کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ کالج، اسکول جانا، کتابیں پڑھنا یا رہبر پڑھ کر امتحان دے کر کامیاب یا ناکام ہونا بلکہ تعلیم کا مقصد ہے کہ آپ پڑھ لکھ کر اچھے انسان بنیں۔ “ انہوںنے پتھر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر پتھر سے کسی کو مار دیا جائے تو اس کو زخم آجاتا ہے مگر اسی پتھر کو سلیقے سے تراشا جائے تو بھگوان بن جاتاہے، اسے ترتیب وارسجھا کر کھڑاکیا جائے تو انجمن اسلام کی عمارت بن جاتی ہے۔ محب وطن مسلمان نے ہمیشہ ملک اور قوم کی ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے اور ہم ان کی قدر کرتے رہے ہیں ،جبکہ عبدالرحمن انتولے اور شہنشاہ جذبات دلیپ کمار اور ان کے والد بال ٹھاکرے کے درمیان گھریلو تعلقات رہے۔انتولے صاحب کے بارے میں ادھو نے کہاکہ مہاراشٹرکے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے انہوں نے جوخدمات انجام دی ہیں وہ قابل ستائش ہیں ،ان کے والد بال ٹھاکرے اپنے وزیر اعلیٰ اور وزراء کو ہمیشہ ان کی راہ پر چلنے اور حکومت کرنے کے طریقہ کار کا اپنانے کی نصیحت کرتے تھے۔ادھو نے انجمن اسلام کی تعلیمی سرگرمیوں کی بھی سراہنا کی۔

کانگریس کے سینیئر رہنما غلام نبی آزاد نے اپنی تقریر میں کہا کہ پورے ہندوستان میں انجمن اسلام جیساکوئی پرانا شاید ہی کوئی ادارہ ہوگا کیونکہ انجمن اسلام کانگریس پارٹی کی بنیاد سے 11 برس قبل وجود میں آیا تھا اس کے بانیوں میںبدرالدین طیب جی بھی تھے،جنہوں نے آزادی ہند کی قیادت کی تھی انہوں نے ہی اس انجمن اسلام کی بنیاد رکھی میں مبارکباد پیش کرتاہوں انجمن کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی اور معاونین کو کہ اس انجمن سے پڑھے ہوئے لوگ آج الگ الگ شعبہ جات میں اپنی خدمات انجام دے کرنہ صرف انجمن کابلکہ ہندوستان کا بھی نام روشن کر رہے ہیں۔

مذکورہ تقریب میں ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور و اوقاف نواب ملک، سامنا کے ایڈیٹر اور رکن پارلیمنٹ سنجے راوت، رکن اسمبلی اشوک چوہان، رکن اسمبلی رئیس شیخ، جگتاب دادا ، کے علاوہ فلمی دنیا کے سنجے خان، اکبر خان وغیرہ موجود تھے۔

Last Updated : Mar 2, 2020, 8:38 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details