اورنگ آباد کا بُڈی لین علاقہ اپنے ذائقے اور لذیذ کھانوں کے لیے جانا جاتا ہے لیکن اس قدیم محلے کی ایک اور شناخت بھی ہے اور وہ ہے آپسی بھائی چارہ اور باہمی محبت و اخلاص کی۔ جی ہاں بُڈی لین سے متصل ایک نئی بستی آباد ہے۔ اس بستی میں ہندو بھائیوں کی آبادی ہے، اس نئی بستی کے اکثر لوگ روزوں کا اہتمام کرتے ہیں، یہ روایت پچھلی کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ نئی بستی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ نسل در نسل ان کے گھرانوں میں یہ سلسلہ جاری ہے، ساتھ ہی ان کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں زیادہ تر لوگ مسلمان ہیں اور دونوں ہی مذاہب کے لوگ اپنے تہواروں کو مل جل کر مناتے ہیں۔ یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ ان لوگوں کا مقصد یہ ہے کہ آج جس طرح سے ملک میں ہندو مسلم کے بیچ میں نفرت پیدا کی جا رہی ہے، اس کو کس طرح سے ختم کرنا ہے۔ اِسی مقصد کو لے کر یہ لوگ اپنی روایت کو جاری رکھ رہے ہیں اور رمضان کے روزے رکھ رہے ہیں۔
ماہ رمضان کے مبارک موقع پر احمدآباد میں موجود انگور فوڈس پرائویٹ لمیٹڈ کمپنی کی جانب سے روزہ افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں بی جے پی کارکنان نے حصہ لیا۔ اس تعلق سے انگور فوڈس پرائویٹ لمیٹڈ کمپنی کے چیئرمین اور بی جے پی مائناریٹی سیل کے جنرل سیکرٹری زین العابدین انصاری نے کہا کہ آج احمدآباد کے وٹوہ علاقے میں قومی یکجہتی اور گنگا جمنی تہذیب کو زندہ رکھنے کے لئے روزہ افطاری کا اہتمام کیا گیا جس میں احمدآباد کے میئر کریٹ پرمار، بی جے پی کے کارکنان اور روزہ داروں نے حصہ لیا۔