کورونا وائروس وبا سے تحفظ کے لئے پوری دنیا میں کوشش کی جا رہی ہے۔ بھارت میں 21 دنوں کا لاک ڈاؤن ہے۔ اس دوران فلم اداکار پوری قوت کے ساتھ راحتی فنڈ میں تعاون کر رہے ہیں۔ اس کی شروعات سائوتھ کے ادکاروں نے کی اب بالی ووڈ کے مشہور اداکار اکشے کمار نے وزیر اعظم راحتی فنڈ میں 25 کروڑ روپئے دینے کا اعلان کیا ہے۔
راحتی فنڈ میں اتنی بڑی رقم ابھی تک کسی بھی اداکار یا اداکارہ نے نہیں دی ہے۔
اکشے کمار نے کورونا وائرس سے جنگ کے لئے وزیر اعظم راحتی فنڈ میں 25 کروڑ روپئے کا تعاون کیا ہے، جس کی اطلاع انہوں نے ٹویٹ کر دی ہے۔
اکشے کمار نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ''یہ وہ وقت ہے جب ہم تمام لوگوں کی زندگی کا سوال ہے اور ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت ہے، ہم جو بھی کر سکیں، میں اپنی سیوینگ سے 25 کروڑ روپئے کا تعاون وزیر اعظم راحتی فنڈ میں دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ آؤ زندگی بچائیں، جان ہے تو جہان ہے۔''
اکشے کمار سے قبل باہوبلی سے مشہور اداکار پربھاس نے 4 کروڑ، پون کلیان نے 2 کروڑ، مہیش بابو نے ایک کروڑ، اللو ارجن نے 25 لاکھ، رام چرن نے 70 لاکھ اور رجنی کانت نے یومیہ مزدوروں کی مدد کے لئے 50 لاکھ روپئے کا تعاون کیا ہے۔
کمل حسن نے اپنے گھر کو اسپتال بنانے کی بھی پیشکش کی ہے۔