ممبئی:این سی پی رہنما اجیت پوار نے دیویندر فڑنویس سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ایکناتھ شندے اتنے اچھے تھے تو انہوں نے آپ کو اپنی حکومت کا صرف ایک محکمہ کیوں دیا؟ نائب وزیر اعلیٰ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اجیت پوار نے کہا کہ دیویندر فڑنویس مہاراشٹر کے ایک ایسے لیڈر ہیں جنہوں نے ڈھائی سال میں تین عہدوں پر کام کیا ہے۔ پہلے وہ وزیر اعلیٰ بنے، پھر ریاست کے اپوزیشن لیڈر اور اب وہ نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہیں۔ شیوسینا کے خلاف بغاوت کرنے والے تمام اراکین اسمبلی کو یاد دلاتے ہوئے اجیت پوار نے خبردار کیا کہ اگلا الیکشن جیتنا مشکل ہوگا۔ اس سے پہلے بھی شیوسینا میں کئی مرتبہ بغاوت ہو چکی ہے۔
اجیت انہوں نے خود اپنی ہی پارٹی کے رہنما چھگن بھجبل کی مثال دی۔ انہوں نے کہا کہ جب چھگن بھجبل نے شیوسینا کے خلاف بغاوت کی تو کئی رہنما بھی ان کے ساتھ آئے لیکن اس کے بعد ہونے والے انتخابات میں ان سب کو شکست ہوئی۔ شیوسینا کی تاریخ ہے کہ باغی، اگلے انتخابات میں اپنی جیت درج کرانے میں ناکام رہے ہیں۔