ممبئی:آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے وفد نے آج صبح مرکزی وزیر اور دلت لیڈر رام داس اٹھاولے سے ملاقات کیـ دراصل بورڈ کی ہدایت کے مطابق یکساں سول کوڈ کے سلسلے میں بورڈ کے مقامی اراکین مختلف مکاتب فکر اور ملی شخصیات کے ہمراہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈران اور مختلف مذاہب کی مذہبی شخصیات سے ملاقات کررہے ہیں۔ اب تک شردپوار، نانا پٹولے، ادھو ٹھاکرے، ابوعاصم اعظمی، پرکاش امبیڈکر اور سکھ مذہب کے مذہبی رہنماؤں سے ملاقات ہوچکی ہےـ اسی سلسلے میں آج مرکزی وزیر اور دلت لیڈر رام داس اٹھاولے سے مسلم پرسنل لاء بورڈ کے وفد کی ملاقات ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:
ملاقات کے دوران وفد کے ارکین نے اٹھاولے سے کہا کہ آج کل ملک بھر میں کمزوروں، دلتوں، پچھڑوں اور اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی اور ظلم کا سلسلہ بڑھ گیا ہے، کبھی موب لنچنگ، بلڈوزروں کا غلط استعمال اور عبادت گاہوں پر حملے ہورہے ہیں، غریبوں، پچھڑوں پر ظلم کی انتہا یہاں تک پہونچ چکی ہے کہ آزادی کے پچھتر سال بعد بھی کسی دلت نوجوان کا گھوڑی پر چھڑھ کر بارات نکالنا گوارا نہیں، کسی سے تلوے چٹوائے جاتے ہیں۔ کسی کے اوپر پیشاب کردیا جاتا ہےـ وفد کے اراکین نے یونیفارم سول کوڈ کے سلسلے میں بتایا کہ یہ صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ دیگر اقلیتوں، ادیواسی اور قبائل کے بھی خلاف ہوگا، ہمارے ملک کی خوبصورتی ہی یہی ہے کہ یہاں مختلف مذاہب، مختلف تہذیب اور الگ الگ زبانیں بولنے والے افراد آپس میں مل جل کر رہتے ہیں۔
یہاں ایک ہی مذہب کے ماننے والوں میں شمال اور جنوب کے کلچر کے اندر فرق پایا جاتاہے، ان حالات میں یکساں سول کوڈ ملک کے لیے فائدہ مند ہونے کے بجائے سخت نقصان دہ ثابت ہوگاـ وفد کے اراکین نے رام داس اٹھاولے سے یہ بھی کہا کہ موجودہ حالات میں سب سے اہم ضرورت اس بات کی ہے کہ سارے کمزور، مظلوم ایک ساتھ آئیں اور دیگر ہم خیال پارٹیوں اور تنطیموں کے ساتھ مل کر حکومت کو اس طرح کے غیردستوری و غیرقانونی اقدامات سے روکیںـ اُن سے یہ بھی کہا گیا کہ آپ ملک کے اہم لیڈر ہونے کے ساتھ موجودہ حکومت کا حصہ بھی ہیں، اس لیے اس ملک کے تمام جمہوریت پسند افراد آپ سے امید رکھتے ہیں کہ آپ کیبنیٹ میٹنگ اور دیگر پلیٹ فارم پر ایسی تمام غیر دستوری حرکتوں کے خلاف کھل کر آواز بلند کریں گے اور ملک کی فرقہ وارانہ فضا کو معمول پر رکھنے کے لیے اپنے رسوخ کا استعمال کریں گےـ
رام داس اٹھاولے نے پوری گفتگو غور سے سنی اور کہا کہ میں یقیناً آپ کی بات مرکزی حکومت کو پہونچاؤں گا، بلکہ حکومت کے بڑے ذمہ داروں سے آپ کے نمائندوں کی ملاقات بھی کراؤں گا، اُنھوں نے اسی وقت دہلی فون کرکے اپنے دفتر کو فون کرکے اس سلسلے میں ہدایت جاری کی۔ آخر میں انھوں نے ایک بار پھر مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نمائندوں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایاـ مسلم پرسنل لاء بورڈ کی طرف سے ابھی دیگر کئی اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کا پروگرام ہےـ اس کے علاوہ عیسائی، بدھ، جین کے ساتھ دلت، آدی واسی، وقبائلی لیڈران سے بھی ملاقات طے ہےـ اس وفد میں سلیم موٹر والا، اقبال چونا والا، مولانا انیس اشرفی، مولانا عبدالجلیل سلفی، شاکر شیخ، ڈاکٹر سلیم خان، مسرور قریشی، عرفان نواب خان اور سلیم بھائی بھاٹی شامل تھے۔