اورنگ آباد: ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں واقع چھترپتی سمبھاجی کارپوریشن کے ممسلم اکثریتی علاقوں میں پانی کی قلت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے فقدان سے عام لوگوں کو بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ روزمرہ کی زندگی میں بنیادی سہولیات سے محروم مقامی باشندوں نے اے آئی ایم آئی ایم کی سرپرستی میں سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے خلاف جم کر احتجاج کیا۔
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے عہدیداران، سابق کارپوریٹرس اور خواتین ونگ کی جانب سے میونسپل کارپوریشن کے مین گیٹ کے سامنے ہنڈہ مورچہ دھرنے کا اہتمام کیا گیا۔ مجلس کے شہر صدر سید شارق نقشبندی نے پانی کی قلت اور غیر مناسب سپلائی کے مسئلہ کو سنگین بتاتے ہوئے کارپوریشن انتظامیہ کے رویہ پر سوال اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ پانی روزمرہ کی ضرورت ہے مگر انتظامیہ جان بوجھ کر اسے نظر انداز کر رہی ہے۔ اس جانب جب بھی کارپوریشن کی توجہ کروائی گئی، لیکن وہ وعدہ خلافی ہی کرتی آرہی ہے۔ متنبہ کیا کہ اگر مستقبل میں ہمارے مطالبات کو نظر انداز کیا گیا تو مجلس اپنے اسٹائل میں کارپوریشن کو سبق سکھائے گی اور اس کا خمیازہ انتظامیہ کو بھگتنا پڑے گا۔