اورنگ آباد: ملک بھر کی مختلف ریاستوں کی اپوزیشن پارٹیوں کے ذمہ داران پارلیمانی انتخابات میں مرکزی حکومت بی جے پی کو شکست دینے کی کوشش میں لگے ہیں۔ اس دوران بہار کے پٹنہ میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں نے پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں پر غور کیا لیکن اس اجلاس میں مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسدالدین اویسی کو نہیں بلایا گیا، جس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایم پی امتیاز جلیل نے کہا کہ مجلس ہمیشہ بی جے پی کی مخالف رہی ہے اور اگر آپ کو بی جے پی کو شکست دینا ہے تو مجلس کو ساتھ رکھنا ہوگا۔
ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسدالدین اویسی موجود تھے اور وہ بلڈانہ میں جلسہ عام کے لئے روانہ ہو رہے تھے اس دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اسد الدین اویسی اور امتیاز جلیل نے اپوزیشن پارٹیوں کے اجلاس عام میں شرکت نہیں ہونے پر سوال پوچھا تو اسد الدین اویسی نے کہا کہ اس کا جواب ایم پی امتیاز جلیل دیں گے، اس پر ایم پی امتیاز جلیل نے کہا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جتنے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران پٹنہ میں جمع ہوئے تھے، ان میں اگر سب سے زیادہ کسی کو بھارتیہ جنتا پارٹی سے ناراضگی ہے تو وہ اسدالدین اویسی کی پارٹی ہے۔ مجلس اتحاد المسلمین بی جے پی کو پارلیمنی انتخابات میں شکست دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔