ممبئی: سماجودای پارٹی کے رہنما و رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے یوگی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یوگی جی کو اب بہت سارے بلڈوزر خریدنے ہوں گے۔ کیا یوگی حکومت اگنی پتھ اسکیم کے خلاف مظاہرہ کررہے نوجوانوں کے گھروں پر بھی بلڈوزر چلائے گی جو سرکاری املاک کو تباہ کررہے ہیں؟ حکومت کو چاہیے کہ وہ اگنی پتھ اسکیم واپس لے۔ ملک بھر میں نوپور شرما کی گرفتاری اور اہانت رسول معاملے کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران پولیس کی جانب سے گولیاں چلائی گئیں۔ مسلمانوں کے گھروں کو زمین بوس کیے گئے۔ اب وزیر اعلی یوگی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، اب تو انہیں مزید بلڈوزر خریدنا ہوگا کیونکہ جس طرح سے یوگی حکومت نے یوپی میں مسلمانوں پر لاٹھی چارج کیا، گولیاں داغیں اور حراست میں لے کر انہیں جانوروں کی طرح پیٹا گیا، کیا اب اسی طرز پر ان شرپسندوں پر بھی کارروائی کی جائے گی۔
ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ اب کہاں گئی یوگی حکومت جو شرپسندوں پر بلڈوزر چلایا کرتی تھی کیا یوپی حکومت یوپی کے مختلف اضلاع میں ہونے والے اس خطرناک تشدد اور اگنی پتھ اسکیم پر احتجاج کرکے ملک کی کروڑوں روپے کی املاک کو خاک میں ملانے والوں پر بھی وہی کارروائی کریگی جو اس نے مسلمانوں پر کی۔ مسلمانوں کا احتجاج تو پرامن تھا لیکن انہیں نشانہ بنایا گیا ان کے احتجاج میں تشدد برپا کیا گیا ان کے گھروں کو توڑا گیا کیا اس ملک میں مسلمانوں کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان کے لیے سڑکوں پر اتر احتجاج کا حق نہیں ہے۔ Abu Asim Azmi on Agnipath Violence