ممبئی:ریاست مہاراشٹر کے ممبئی میں سماجوادی پارٹی کے سنئیر رہنما و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے مراٹھا ریزرویشن کے معاملے پر بلائی گئی آل پارٹی میں ان کی سیاسی جماعت کو مدعو نہیں کیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے اپنا اعتراض درج کروایا اور کہا کہ جس پارٹی کے ایک رکن اسمبلی ہیں اور جس پارٹی کا کوئی رکن اسمبلی نہیں ہے۔ اسے بھی اس میٹنگ میں مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود سماجوادی پارٹی کے دو اراکین کو اس میٹنگ میں نہیں بلایا گیا۔ اس قسم کی سیاست قابل مذمت ہے۔
مراٹھا ریزرویشن کے مسئلہ پر مہاراشٹر میں نظم و نسق کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔ اسے حل کرنا ضروری ہے۔ اس سلسلے میں کوئی فیصلہ لینا وقت کا تقاضہ ہے۔ سماجوادی پارٹی مراٹھا ریزرویشن کی حمایت کرتی ہے لیکن سماجوادی پارٹی ایک قومی پارٹی ہے۔ اس کو نظر انداز کیے جانے پر ہم اعتراض درج کرواتے ہیں۔