ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے ممبئی میں سماجوادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے وزیر اعلی ایکناتھ شندے سے ملاقات کے دوران عیدالاضحی کے موقع پر بہتر انتظامات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہاراشٹر میں عیدالاضحی کے موقع پر نظم و نسق کی برقراری اور جانوروں کی آمدورفت و نقل و حمل میں کسی بھی قسم کی دشواری نہ ہو، ساتھ ہی شرپسندوں پر قدغن لگایا جائے۔ اس کے ساتھ ہی ممبئی میں دیونار سلاٹر ہاؤس سے لے کر جانوروں کی قربانی کیلئے مذبح میں بہتر انتظامات کیا جائے۔ ابوعاصم اعظمی نے مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے سے ان کی رہائش گاہ ورشا میں ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ عید الاضحی میں جانوروں کے تاجر کو ہراساں نہ کیا جائے اور سڑکوں پر ان کے تحفظات کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کو احکامات جاری کئے جائیں۔ اس کے ساتھ ہی شرپسندوں پر روک لگانے کیلئے بھی ضروری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری دور دراز سے ممبئی میں عید الاضحی پر جانوروں کی فروخت کی غرض سے ممبئی اور ریاست کے دیگر اضلاع کا رخ کر تے ہیں۔ ایسے میں انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی نہ ہو اور منڈیوں میں بہتر نظام قائم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کی تیاریوں سے متعلق ریاستی سطح پر متعلقہ محکموں کو حکومت احکامات جاری کرے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی رئیس شیخ بھی موجود تھے، انہو ں نے کہا کہ عید الاضحی پر جانوروں کے تاجروں کو نقل و حمل اور ٹرانسپورٹ میں کافی پریشنیوں کو سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہیں ہراساں بھی کیا جاتا ہے۔ ماضی میں ایسی کئی شکایات موصول ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عید الاضحی پر خریداروں کے ساتھ جانوروں کے تاجروں کو بھی سہولیات میسر کرایا جائے۔ اس کے ساتھ ہی تمام محکموں کے سر براہان کے ساتھ ایک میٹنگ عیدالاضحی سے قبل منعقد کی جائے تاکہ ریاست میں عید الاضحی امن وامان کے ساتھ منائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی پر فرقہ پرستوں پر قدغن لگانے کی بھی ضرورت ہے کیونکہ اکثر بڑے جانوروں گؤ کشی کے نام پر نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اس لئے مذہبی منافرت پھیلانے والوں پر بھی نظر رکھنا لازمی ہے۔ اس لئے وزیر اعلی کو اس پر بھی اقدامات کر نے چاہئے۔ وہیں وزیر اعلی نے مثبت اقدامات کی یقین دہانی کروائی ہے۔