ممبئی: فلسطین کی حمایت میں جوہو پر دعائیہ اہتمام کر نے والے طلباء و طالبات پر کیس درج کئے جانے کے بعد مہاراشٹر سماجوادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی سمیت ایک وفد نے ممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکر سے ملاقات کر تے ہوئے طلباء پر درج کیس واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے بتایا کہ فلسطین پر احتجاجات کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جبکہ دیگر احتجاجات کو اجازت ہے- طلباء نے فلسطین کی حمایت میں پلے کارڈ لے کر فلسطینیوں کیلئے دعا کا اہتمام کیا تھا۔ جس میں 13 طلباء پر پولیس نے کیس درج کر لیا۔ یہ دعائیہ تقریب یوم اطفال پر منعقد کی گئی تھی۔ جس میں فلسطینیوں بچوں کیلئے بھی دعا کی گئی تھی۔ پولیس نے ان طلباء پرمختلف دفعات میں کیس درج کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں ممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نے وفد اور اعظمی کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملہ میں ضروری اقدام کریں گے۔ چونکہ یہ کیس طلباء پر درج کیا گیا ہے اس سے ان کا مستقبل تاریک ہونے کا خطرہ ہے۔ ایسی صورتحال میں اگر ان کے والدین اور طلباء پولیس سے درخواست کرتے ہیں تو اس معاملہ کی انکوائری کے بعد کیس واپسی پر کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ البتہ ممبئی شہر میں احتجاجات اور جلسے جلوس پر پابندی ہے۔ یہ ممبئی پولیس کمشنر نے واضح کر دیا ہے اس لئے کسی بھی احتجاجات اور جلسے جلوس کو اجازت نہیں دی جارہی ہے۔