مہاراشٹر اسمبلی کے اجلاس کے پہلے روز ہی مہاراشٹر سماج وادی پارٹی کے صدر اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی اور رکن اسمبلی رئیس شیخ نے ودھان بھون کی سیڑھیوں پر مسلم ریزرویشن کے لیے بینر ہاتھ میں اٹھا کر احتجاج کیا۔
ابو عاصم اعظمی نے مسلمانوں کو 5 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ابوعاصم اعظمی نے ودھان بھون میں بطور احتجاج ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھا تھا جس پر لکھا تھا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے 5 فیصد تعلیمی ریزرویشن کو بحال کیا جائے۔
اس کے ساتھ ہی جس طرح سے ملک کی 13 ریاستوں میں سی اے اے، این آرسی کو نافذ نہیں کرنے کی قرارداد اور بل اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے اسی طرز پر ریاست مہاراشٹر میں بھی سی اے اے، این آر سی کو نافذ نہ کرنے کا بل اسمبلی میں منظور کریں۔
یہ بل اسی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پیش کر کے منظور کیا جائے جبکہ کئی ریاستوں نے تو خصوصی اجلاس طلب کر کے سی اے اے، این آر سی کو منسوخ کرنے کا بل منظور کیا ہے۔
ساتھ ہی یہ واضح کیا ہے کہ ان کی ریاست میں سی اے اے، این آر سی نافذ نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح سے مہاراشٹر سرکار بھی یہ واضح کرے کہ ریاست مہاراشٹر میں سی اے اے، این آر سی کا نفاذ نہیں ہوگا۔