مہاراشٹر کے ضلع ناسک کی سب سے بڑی بکرا مارکیٹ کہی جانے والی مالیگاؤں کی کاٹن مارکیٹ میں تاجر ایک دن کی بکرا منڈی لگاتے ہیں۔
اس سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کے بازار میں رونق نظر نہیں آئی۔ کووڈ 19 کے تحت جاری گائیڈ لائن کی وجہ سے بکرا منڈی میں تاجر اور گاہک دونوں برائے نام ہی نظر آرہے ہیں۔
ناسک ضلع کے مالیگاؤں میں ہر برس عید الاضحٰی کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں قربانی کے مویشی فروخت کے لیے لائے جاتے ہیں لیکن امسال کورونا وبا کے سبب یہ تعداد صرف چند سو پر مشتمل ہوگئی ہے۔
گاہکوں کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے یہ سال بھی ویسا ہی گزر رہا ہے اور قربانی کے جانوروں کی اعلیٰ نسل بھی بکرا منڈی میں نظر نہیں آرہی ہے۔ اس سلسلے میں جو لوگ بکرا منڈی میں خرید و فروخت کے لئے آئے انہوں نے کافی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
ریاستی حکومت کی جانب سے بڑھتی سختی اور معاشی مندی کو لوگوں نے بکرا منڈی میں کم کاروبار ہونے کی ایک اہم وجہ قرار دی۔اس کے برعکس بکروں کے تاجروں نے مقامی انتظامیہ سے بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔