مالیگاوں: مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کے لئے 15 اگست 2023 کو ملک کے 76 ویں یوم آزادی پر "ملک میں پہلی سنکھناد یاترا" کا اعلان کرنے والے منتظمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اس طرح کا ایک مکتوب آصف شیخ رشید نے شہر پولیس انتظامیہ سے کیا ہے۔ اس موقع پر راشٹر وادی کانگریس پارٹی کی جانب سے موصول ایک پریس ریلیز میں آصف شیخ نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کو 75 سال ہو چکے ہیں اور تمام محب وطن کل 15 اگست کو 76 واں یوم آزادی منانے کے لیے اپنی اپنی سطح پر کامیاب تیاریاں کر رہے ہیں۔
مالیگاؤں شہر میں بھی ملک کی آزادی پر مختلف قسم کے ثقافتی پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں اور حکومت نے ہر گھر ترنگا، گھر گھر ترنگا کا اعلان کیا ہے۔ اسی مناسبت سے شہر کے ہر گھر پر ترنگا قومی پرچم لگانے کا کام جاری ہے۔ لیکن 15 اگست 2023 کو کچھ فرقہ پرست عناصر و سماج دشمن افراد نے 76 واں یوم آزادی پر مالیگاؤں شہر میں سکھناد یاترا نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ سماج دشمن عناصر اور ذات پات کے نام پر فرقہ پرستی کو بڑھاوا دینے والی تنظیموں نے ہندوی سوراجیہ سوانتتر دن پدا یاترا کا اہتمام کیا جس کا مطلب ہے ہندوراشٹرا کی جانب بڑھتے قدم ہے۔