ممبئی: ریاست مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 744 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور اس مہلک وائرس کی وجہ سے تین مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں کووڈ-19 سے متاثر ہونے والوں کی تعداد اب تک بڑھ کر 81 لاکھ 64 ہزار 380 ہو گئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1,48,511 ہو گئی ہے۔ اس وقت ریاست میں اموات کی شرح 1.81 فیصد ہے۔ ممبئی میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے، بھارت کی پہلی کووڈ نیزل ویکسین انکوویک 28 اپریل سے ریاست میں بزرگوں کے لیے دستیاب ہوگئی ہے۔ جمعہ سے ممبئی میں 60 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کے لیے دستیاب ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 9,355 نئے کیسز درج کیے گئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی 24 گھنٹوں کے دوران 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ دارالحکومت دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5117 کورونا ٹیسٹوں میں 865 متاثرہ مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 4 کروڑ 43 لاکھ 35 ہزار 977 ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ پیر کے روز مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے 226 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔ جبکہ اس وبا سے ایک بھی موت نہیں ہوئی تھی۔ مہاراشٹر میں منگل کو کورونا وائرس کے انفیکشن کے 722 کیس رپورٹ ہوئے تھے وہیں تین لوگوں کی موت ہوئی تھی۔