مہاراشٹر میں اردو زبان میں ترقی کے لیے، مراٹھی اور اردو زبان کے ادیبوں، شاعروں، مفکرین وغیرہ کے مابین تخلیقی نظریات کے تبادلہ کو فروغ دینے کے لیے ریاستی حکومت کوشاں ہے۔ ریاست میں اردو زبان کو فروغ دینے کے لئے 5 مقامات پر اردو گھر کی تعمیر ریاست حکومت کے اقلیتی محکمے نے انجام دی ہے۔
ناندیڑ میں اردو گھر کے لئے 8.16 کروڑ روپے کے فنڈ کی منظوری دی گئی ہے۔ اب اس کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے اور جلد ہی اس کا افتتاح کیا جائے گا۔
سولاپور میں اردو گھر کی تعمیر آخری مراحل میں ہے اور اب تک 6.82 کروڑ روپے کی رقم مختص کی جاچکی ہے۔ وہیں، مالیگاؤں اردو گھر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔
ممبئی میں ممبئی یونیورسٹی میں اردو گھر تعمیر کرنے کی تجویز ہے اور ممبئی یونیورسٹی کے ذریعہ اس سلسلے میں ایک تجویز حکومت کو پیش کی جائے گی۔
ناگپور میں اسلامک کلچرل سنٹر کی عمارت کو اردو گھر کے طور پر تیار کیا جارہا ہے۔ اس کے لیے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ مختص کی گئی ہے، یہ جانکاری ریاستی اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے دی ہے۔
محکمہ ان اردو گھروں کا کام جلد سے جلد مکمل کرنے اور انہیں اردو زبان کی ترقی کے لیے کھولنے کے لیے کوشاں ہے۔ ان عمارتوں کے استعمال، دیکھ بھال، مرمت اور بحالی کے لیے بنیادی پالیسی حکومتی قرار داد کے ذریعہ طے کی گئی تھی۔ اب کچھ نئے امور کو شامل کیا گیا ہے اور تفصیلی قواعد جاری کر دیے گئے ہیں۔