مالیگاؤں شہر میں واقع رسولپورہ (جونا ملت مدرسہ) علاقے سے متصل بستی میں رہنے والی شائستہ محمد یاسین نامی 17 سالہ طالبہ نے اپنے گھر میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔
اس معاملے میں سماجی کارکن شیخ شفیق نے نمائندے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ اس حادثہ کی اطلاع رسولپورہ کے علیم انجینئر نے معاون کارپوریٹر لئیق حاجی کو دی۔
اس سلسلے میں معاون کارپوریٹر لئیق حاجی نے بتایا کہ گزشتہ شب انہیں اطلاع ملی کہ رسولپورہ (جونا ملت مدرسہ) وارڈ میں ایک لڑکی نے خودکشی کرلی ہے۔
جب لئیق حاجی اور مقامی افراد جائے حادثہ پر پہنچے تو مکان کا دروازہ اندر سے بند تھا دروازہ کھولنے کے بعد سامنے کی طرف شائستہ محمد یاسین نامی 17 سالہ طالبہ کی لاش کپڑے میں لٹکتی ہوئی نظر آئی کارپوریٹر نے قانونی کاروائی کے لیے فورا قلعہ پولیس اسٹیشن سے رابطہ کیا۔
کارپوریٹر لئیق حاجی نے بتایا کہ طالبہ کے بھائی کے مطابق وہ دوپہر 4:00 بجے کے وقت اپنے مکان میں قران شریف کی تلاوت کررہی تھی۔ اس کے بھائی کے نماز جاتے ہی یہ حادثہ پیش آیا۔ نمازسے واپس آنے کے بعد مکان کا دروازہ بند نظر آیا اور جب دروازہ کھولا گیا شائستہ کی لاش کپڑے میں لٹکتی ہوئی نظر آئی۔
واضح رہے کہ طالبہ کے والد محمد یاسین پیشے سے پاورلوم مزدور ہے، اور وہ دن کے وقت کام پر گئے ہوئے تھے اور والدہ کسی رشتہ دار کے یہاں تھی۔
قلعہ پولیس جائے حادثہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کردیا۔ تمام قانونی مراحل کی تکمیل کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا۔واضح رہے کہ خودکشی کرنے کی وجہ اب تک سامنے نہیں آئی ہے۔