ممبئی:سالم علی جن کا پورا نام سالم معزالدین عبد العلی تھا۔ وہ 12 نومبر سنہ 1896 کو بامبے ( ممبئی) میں پیدا ہوئے اور بامبے میں ہی 20 جون سنہ 1987 کو ان کا انتقال ہوا۔ ان کے والد کا نام معز الدین اور والدہ کا نام زینت النساء تھا۔ ڈاکٹر سالم علی کی عمر ایک سال کی ہی تھی کہ ان کے والد کا انتقال ہو گیا اور دو سال کے بعدیعنی تین سال کی عمر میں ان کی والدہ کا بھی انتقال ہو گیا۔ ڈاکٹر سالم علی کا آج 128 واں یوم پیدائش ہے۔
ڈاکٹر سالم علی نے اپنی ابتدائی تعلیم گروگرام اور ممبئی کے مشن اسکولوں میں حاصل کی۔ تیرہ سال کی عمر میں ڈاکٹر سالم علی مستقل سر درد کا شکار ہوئے۔ انہوں نے اس بیماری کا علاج سندھ میں کروایا۔ اور1913ء میں بامبے یونیورسٹی سے ایک ڈگری حاصل کی اور ملازمت کے لیے برما چلے گئے۔
سات سال کے بعد 1917میں ہندوستان لوٹنے پر دوبارہ اپنی تعلیم مکمل کرنے میں لگ گئے۔ ان کی شادی دسمبر 1918 میں ہوئی تھی اور ان کی بیوی کا نام تہمینہ تھا۔ سنہ 1926 میں ممبئی میں پرنس آف ویلس میوزیم میں ان کو ایک چھوٹی ملازمت مل گئی تھی۔ سنہ 1928 میں تعلیمی رخصت لیکر جرمنی چلے گئے۔ جرمن کی یونیورسٹی میں کچھ دن کام کرنے کے بعد برلن چلے گئے اور وہاں انھوں نے کافی تجربہ حاصل کیا۔
دوبارہ ہندوستان واپسی کے بعد سنہ 1947 میں ڈاکٹر سالم علی نے ’بامبے نیچرل ہسٹری سوسائٹی قائم کی۔ سوسائٹی فنڈ کی کمی کی وجہ سے مالی بحران کا شکار تھی۔ ڈاکٹر سلیم نے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل کوخط لکھ کر صورت حال سے آگاہ کیا تو انھوں نے فوراً فنڈ مہیا کروایا اور مالی مدد کی۔