بھوپال:ریاست مدھیہ پردیش میں پچھلے کچھ دنوں میں ہوئی لگا تار موسلادھاربارش کے سبب دارالحکومت بھوپال کے ساتھ ریاست کے سبھی اضلاع میں لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جہاں لگاتار ہو رہی بارش کے سبب لوگوں کو گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا تو وہیں ریاست کے کسانوں کو بھی زبردست نقصان ہوا ۔ان کی فصلیں خراب ہوگئیں۔
اس پر کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے کہاکہ جہاں بارش سے کسانوں کی فصل خراب ہوئی ہے تو وہیں اچھی پیداوار کے باوجود مدھیہ پردیش کے کسانوں کی پریشانیاں ختم نہیں ہو رہی ہیں۔کسانوں کو لہسن کی قیمت یہاں کی منڈیوں میں لاگت کی قیمت پر مل رہی ہے۔لہسن کی فصل کے مناسب قیمت نہیں ملنے سے کسان مایوس ہیں۔
سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے کسانوں کو لیکر تشویش کا اظہار کیا اور ریاستی حکومت سے راحت کا مطالبہ کیا ہے۔کمل ناتھ نے ٹویٹ کرکے کسانوں کی پیداوار اور سیلاب سے خراب ہوئی فصلوں کا معاوضہ دینے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا۔مناسب معاوضے سے کسانوں کو کچھ فائدہ ہوسکتاہے۔