بھوپال: مدھیہ پردیش قانون ساز اسمبلی میں کانگریس ایم ایل اے جیتو پٹواری کی معطلی کے بعد اسپیکر گریش گوتم نے کارروائی پہلے وقفہ سوالات تک اور پھر 13 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی۔ جیسے ہی ایوان کی کارروائی 11 بجے شروع ہوئی، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر گووند سنگھ نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے کر آئی ہے۔ اس پر اسپیکر گوتم نے کہا کہ انہیں ایسی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی ہے۔ اس پر ڈاکٹر سنگھ نے پھر کہا کہ اپوزیشن نے اسمبلی سکریٹریٹ کو ایسی تجویز دی ہے اور ایسی صورتحال میں انہیں ایوان کی کارروائی چلانے کا حق نہیں ہے۔اس پر حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے تمام ارکان اسپیکر گوتم کے حق میں کھڑے ہوگئے۔
پارلیمانی امور کے وزیر ڈاکٹر نروتم مشرا نے کہا کہ کانگریس ایم ایل اے جیتو پٹواری کی معطلی کی تجویز ان کی طرف سے کل پارلیمانی امور کے وزیر کی حیثیت سے لائی گئی تھی جسے صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔ اس پر دونوں جانب سے شوروغل شروع ہوگیا جس کے باعث ایوان کی کارروائی وقفہ سوالات تک ملتوی کردی گئی۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان پارلیمانی امور کے وزیر ڈاکٹر مشرا اپنے ہاتھ میں لی ہوئی کتاب ہوا میں اچھالتے ہوئے نظر آئے۔ ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے بعد اپوزیشن کا ہنگامہ پھر شروع ہو گیا۔ اس درمیان اسپیکر گوتم نے کل کانگریس ایم ایل اے پٹواری کی معطلی سے متعلق پیش رفت کے بارے میں اپنا بیان دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے اقدامات ہمیشہ منصفانہ رہے ہیں اور رہیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ارکان سے درخواست کی کہ وہ ایوان کو خوش اسلوبی سے چلانے اور امن برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔