بھوپال:ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں بیگمس آف بھوپال دی لیڈیز کلب کے زیر اہتمام چار روزہ 'پری بازار' کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پری بازار بھوپال نواب شاہجہاں بیگم کے دور میں منعقد کیا جاتا تھا۔ اس بازار کی خصوصیت یہ تھی کہ یہاں دکاندار اور خریدار صرف خواتین ہی ہوا کرتی تھیں۔ اسی طرح سے بھوپال کا یہ 'بیگمس گروپ' بھی بھوپال میں خواتین کی ترقی، خوشحالی اور بھوپال کی وراثت کو قائم رکھنے کے لیے کافی وقت سے کوشاں ہے جس کے تحت پچھلے تین برسوں سے کملا پارک میں 'پری بازار' کا شاندار انعقاد ہوتا آرہا ہے۔ Bhopal's Bagums Group
بھوپال کا پری بازار، جہاں دکاندار بھی خواتین اور خریدار بھی خواتین اس 'پری بازار' کے انعقاد کا مقصد بھوپال کے ناپید ہوتے جارہے آرٹ اور فن کو فروغ اور خواتین ہنرمندوں کو روزگار دلوانا ہے۔ وہیں بیگمس آف بھوپال دی لیڈیز کلب آج کے منظر نامے کو دیکھتے ہوئے وہ خواتین جو گھر بیٹھے ایسی چیزیں بناتی یا کاموں کو انجام دے رہی ہیں، اس پری بازار کے ذریعے انہیں دنیا کے سامنے لانے کا مقصد ہے۔
وہیں پری بازار میں جن خواتین نے اپنی دکانیں لگائی ہیں انہوں نے کہا کہ جس طرح کا قدم خواتین کے لئے 'بیگمس آف بھوپال' اٹھا رہا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ کیونکہ پری بازار میں خواتین کو جہاں خود مختار ہونے کا موقع مل رہا ہے۔ ساتھ ہی یہاں پر بازار میں جو خواتین خریدار کے طور پر آرہی ہیں ان میں بھی ایک طرح کی خوشی نظر آ رہی ہے۔ ان خواتین کا کہنا ہے کہ ہمیں اس پری بازار میں بہترین معیار کی چیزیں مل رہی ہے وہ بھی اچھے داموں پر۔
واضح رہے کہ یہ پری بازار خواتین کے لئے دکانداری اور خریداری کے لیے ہی نہیں بلکہ اس پری بازار میں ہر روز کلچرل پروگرام بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اس پری بازار میں ایسے کلچرل پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں جو نوابی وقت اور بھوپال کی روایت کو لوگوں کے سامنے پیش کر رہی ہے۔ پری بازار میں بھوپال کی چار بیت، پٹیا بازی، بتولے بازی، مشاعرہ، قصہ گوئی اور دیگر ادبی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ نئی نسل بھوپال کی روایت اور اس کی تاریخ سے روبرو ہو سکے۔
بیگمس گروپ آف بھوپال کا مقصد ہے کہ مسلم معاشرے کی خواتین خود اعتماد بنیں اور خود مختاری کے ساتھ معاشرے میں ایک مثال بنتے ہوئے مَردوں کے شانہ بشانہ چل سکیں۔