بھوپال:بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی قیادت نے آج زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر کو مدھیہ پردیش الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کا کنوینر مقررکیا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ کے ذریعہ جاری کردہ ایک خط کے مطابق، پارٹی صدر جے پی نڈا نے مرکزی وزیر زراعت تومر کو آئندہ مدھیہ پردیش انتخابات کے سلسلے میں ریاستی الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ یہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہو گی۔
تومر کی اس عہدے پر تقرری پر پارٹی کے ریاستی صدر وشنودت شرما نے کہا کہ اس کے لئے تومر کو مبارکباد اور نیک خواہشات۔ تومر اس سے پہلے مدھیہ پردیش بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ فی الحال ریاست کی مورینا پارلیمانی سیٹ سے لوک سبھا کے رکن ہیں۔ مدھیہ پردیش میں آئندہ نومبر میں انتخابات کی تجویز ہے۔ پارٹی کی مرکزی قیادت نے اس سے پہلے مرکزی وزیر بھوپیندر یادو کو ریاست کے الیکشن انچارج اور اشونی ویشنو کو شریک انچارج کے طور پر اعلان کیا تھا۔