بھوپال: مدھیہ پردیش اسمبلی میں آج مالی سال 2023-24 کا بجٹ پیش ہونے کے بعد وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ یہ بجٹ سماج کے ہر طبقہ کی فلاح وبہبودکویقینی بنائے گا اور طاقت ور ہندوستان کی تعمیر میں مدھیہ پردیش کی طرف سے غیرمعمولی تعاون دے گا۔ شیو راج سنگھ چوہان نے اسمبلی احاطے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں سینچائی ہو یا سڑکیں،ہر غریب کو چھت فراہم کرنے کا عہد ہو یا بجلی کی بنیادی سہولیات پوری کرنا ، سبھی چیزوں کے لئے التزام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ایک منفردپہل کرتے ہوئے سوشل امپیکٹ بانڈ لانے کا التزام کیا گیا ہے۔ اس کے تحت مختلف سماجی شعبوں کے لئے سماجی اہمیت کے معتبر اداروں کے ساتھ کام کرنے کے لئے ایک ہزار کروڑ کے بانڈ جاری کئے جائیں گے۔
شیو راج چوہان نے کہا کہ بجٹ میں بنیادی سہولیات کے ساتھ عوامی بہبود اور زندگی کے اقدار کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں ساگر میں سنت روی داس اسمارک ، اورچھا میں رام راجا لوک اور سلکن پور میں دیوی مہالوک جیسی اسکیموں کے لئے 358 کروڑ روپئے کا التزام کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طورپر یہ بجٹ سماج کے ہر طبقہ کی بہبود کا خیال رکھنے والا ہے ۔یہ بجٹ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق طاقت ور ہندوستان کی تعمیر میں ریاست کی طرف سے غیر معمولی طور پر تعاون دے گا۔ وزیر اعظم نے پانچ ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کاعزم کیاہے،اس کے تحت مدھیہ پردیش کو 550 بلین ڈالر کی معیشت بنانے کی سمت یہ اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے پرسکون رہنے کی درخواست کی۔ جمہوریت کی یہی روایت رہی ہے ، بجٹ پر بحث کے دوران اپوزیشن اپنی بات کہتا، لیکن اپوزیشن میں کوئی نظم و ضبط نہیں ہے اور نہ ہی جمہوری اقدار میں یقین ہے۔