مدھیہ پردیش میں کورونا کی جانچ میں تیزی لانے کے لئے اندور کے 1142 نمونے خصوصی طیارے کے ذریعہ دہلی بھیجے گئے ہیں۔ جہاں یہ ٹیسٹ نوئیڈا میں واقع نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ویرولوجی کی لیب میں ہوگا۔
ریاست میں کورونا انفیکشن جس رفتار سے بڑھ رہا ہے اس کے مطابق میڈیکل ٹیسٹنگ نہیں ہو پا رہی ہے۔ اپوزیشن بھی اس معاملے پر حکومت کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے کہ 'طبی جانچ انتہائی سست رفتار سے جاری ہے۔ جس کی وجہ سے انفیکشن کا خطرہ مسلسل بڑھتا جارہا ہے۔'
یہی وجہ ہے کہ اب ریاستی حکومت نے جانچ کی رفتار بڑھانے کے لئے دیگر ریاستوں کے لیب میں کورونا جانچ کے لئے نمونے بھیجنا شروع کر دیا ہے۔
وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے اندور اضلاع کے کورونا انفیکشن کے 1،142 نمونے جانچنے کے لئے دہلی بھیجے ہیں۔ یہ نمونے اندور سے خصوصی طیارے کے ذریعہ نوئیڈا کی سرکاری لیب میں بھیجے گئے ہیں۔
کمشنر میڈیکل نشانت بربڈے نے بتایا کہ ' 1142 نمونوں کے 43 باکس دہلی کی این سی ڈی سی لیب میں جانچ کے لئے بھیجا گیا ہے۔ اس کی رپورٹ آج رات تک مل سکتی ہے۔ اس سے فوری طور پر ضروری علاج ممکن ہو سکے گا۔