گذشتہ دنوں اپنی تیز دوڑ کی وجہ سے 19 سالہ رامیشور گجر کی ویڈیو بہت تیزی سے وائرل ہوئی۔ان کی یہ ویڈیو کو دیکھ کر اب وزارت کھیل بھی ان کی مدد کرنے جارہی ہے۔
بہتر مظاہرہ کرنے والوں کی مدد کی جائے گی ریاست کے وزیر کھیل جیتیندر پٹواری نے رامیشور کو آگے کی ٹریننگ دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس پرفارم کرنے کی صلاحیت ہے تو وزارت کھیل ہمیشہ اس کی مدد کرے گی۔واضح رہے کہ ضلع شیو پوری کے نرور تحصیل کے رامیشور گجر کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا، جس میں وہ صرف 11 سکینڈ میں 100 میٹر کی دوڑ پوری کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔اس ویڈیو کو ریاست کے سابق وزیراعلی دگ وجئے سنگھ نے سوشل میڈیا پر پرموٹ کیا تھا اور وزیراعلی کمل ناتھ سے اس پر دھیان دینےکی گذارش بھی کی تھی۔وزیر کھیل کے اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد رامیشور سے ملاقات کرنے کے لیے انہیں بھوپال آنے کے لیے مدعو کیا۔وہیں مرکزی وزیر کرن ریجیجو نے بھی رامیشور کی تعریف کی ہے۔حکومت سے مدد ملنے کے بعد رامیشور کا کہنا ہے کہ وہ ملک کے لیے میڈل جیتنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے انہیں اچھی ٹریننگ دلانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔وہ حکومت کا بھروسہ نہیں توڑیں گے۔رامیشور نے بغیر کسی بھی سہولیات اور ٹرینر کے 10.16 سکینڈ میں 100میٹر کی دوڑ پوری کی ہے۔وہیں اوسین بولٹ نے 9.58سکینڈ میں 100میٹر کی دوڑ پوری کی ہے۔رامیشور کے کوچ راجیندر راوت کا کہنا ہے کہ رامیشور ملک کا نام ضرور روشن کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ جب میں نے رامیشور کو دیکھا تب اس کے پاس جوتے بھی نہیں تھے۔میں اس کی پوری مدد کررہا ہوں جس سے وہ آگے بڑھ سکے۔