بھوپال کی فعال تنظیم مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریئر پرموشن سوسائٹی کی جانب سے ضرورت مند بچوں کی تعلیم کے لیے مفت کتابیں دینے کے ساتھ انہیں کریئر گائیڈنس اور اسکالرشپ دی جاتی ہے تاکہ کوئی بھی بچہ مالی مجبوری کے سبب تعلیم سے محروم نہ رہے۔ ریاست مدھیہ پردیش کی فعال تنظیم مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریئر پرموشن سوسائٹی بھوپال میں گزشتہ 35 سالوں سے تعلیمی میدان میں خدمات انجام دے رہی ہے، مذکورہ تنظیم خاص طور پر مسلم بچوں میں تعلیم کو فروغ دینے کے لئے سرگرم ہے۔
اس تنظیم کا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی بچہ مالی تنگی کے سبب تعلیم سے دور نہ رہے، یہی وجہ ہے کہ اس تنظیم کے ذریعہ ایسے بچوں کا انتخاب کیا جاتا ہے جو واقعی مستحق ہیں اور ایسے بچوں کو تنظیم کی جانب سے وظیفہ بھی دیا جاتا ہے، تاکہ وہ اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں۔ مذکورہ تنظیم کی جانب سے طلباء کے والدین کے لئے کریئر کونسلنگ کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے تاکہ بچے اپنا صحیح راستے کا انتخاب کر کامیابی حاصل کریں۔