بھوپال: ریاستی حکومت کے حکم پر قبائلی نوجوان پر پیشاب کرنے والے ملزم بی جے پی لیڈر پرویش شکلا کی رہائش گاہ پر غیر قانونی تجاوزات کو منہدم کر دیا گیا ہے۔ ملزم کو منگل کے روز ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا جس میں وہ ایک شخص پر پیشاب کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ سیدھی ضلع پولیس اور محکمہ ریونیو کی ٹیم ملزم بی جے پی لیڈر کے گھر پہنچی تو اسی دوران بی جے پی لیڈر کی ماں اور چچی بے ہوش ہو گئیں۔ ملزم بی جے پی لیڈر کے گھر پر بڑی تعداد میں پولیس فورس موجود ہے۔
ملزم کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ جس ویڈیو پر اسے گرفتار کیا گیا وہ پرانی تھی، جسے انتخابات قریب ہونے کے باعث وائرل کیا گیا ہے۔ ملزم کی بہن نے اے این آئی کو بتایا کہ یہ ایک پرانا ویڈیو ہے جو سیاسی اور انتخابی وجوہات کی بنا پر پھیلایا جا رہا ہے۔ بی جے پی لیڈر کے اہل خانہ نے بلڈوزر کارروائی پر برہمی کا اظہار کیا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ صرف ملزم کو سزا دی جانی چاہیے، اس میں ہمارا کیا قصور ہے۔ بی جے پی لیڈر کے والد، بہن اور والدہ نے سیاسی سازش کا بھی الزام لگایا ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہمارا گھر نہیں گرنا چاہیے کیونکہ یہ ہمارے آباؤ اجداد کی محنت کی کمائی ہے۔