مدھیہ پردیش اردو اکادمی اپنے کارناموں کو لیکر ملک و بیرون ملک میں مشہور ہے۔ اکادمی کے زیر اہتمام امسال اردو زبان و ادب میں کشمیری پنڈتوں کی خدمات کو منظر عام پر لانے اور اس سے نئی نسل کو واقف کرانے کے لئے کشمیری پنڈتوں کی اردو و ادب میں حصہ داری کے عنوان سے قومی سمینار کا انعقاد کیاگیا۔ قومی سمینار میں اردو زبان میں اپنی تحریروں سے ایک جہاں کو اپنے گرویدہ بنانے والے کشمیری پنڈتوں کے ساتھ اردو کے دوسرے ادیبوں کو بھی مدعو کیاگیا تھا۔
قومی سمینار میں سینئر صحافی راجیش رینہ نے بطو ر مہمان خاص شرکت کی جبکہ ممتاز صحافی برج ناتھ بيتاب نے صدارت کے فرائض انجام دیئے ۔ سمینار کے آغاز میں ایم پی اردو اکادمی کی ڈائیریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کی غرض و غائت پر تفصیل روشنی ڈالی ۔سمینار میں دانشوروں نے اردو زبان کی ہمہ گیری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا اردو ہندستان کی زبان ہے اور اس کا رشتہ کسی مذہب سے جوڑنا مناسب نہیں ، کشمیری پنڈتوں نے اردو زبان کی خدمت میں جس طرح سے اپنا لہو صرف کیا ہے وہ بے مثل ہے۔
مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے زیر اہتمام بھوپال رویندر بھون کے گورانجنی ہال میں کشمیری پنڈتوں کی اردو و زبان ادب میں حصہ داری کے عنوان سے منعقدہ سمینار میں مقالہ نگاروں نے کشمیری پنڈتوں کی اردو زبان و ادب میں حصہ داری کو کسی ایک صنف کے حوالے سے پیش نہیں کیا بلکہ اردو کی تمام شعری و نثری اصناف کے ساتھ اردو صحافت میں ان کی قربانیوں کو بھی مبسوط انداز میں پیش کیا۔