گنا: مدھیہ پردیش کے گنا ضلع میں بدھ کی رات ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گونا سے ہارون جانے والی بس میں زبردست آگ لگ گئی۔ واقعے میں 12 افراد زندہ جل کر ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ بس بھی مکمل طور پر جل کر راکھ ہوگئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس واقعے میں 14 افراد جھلس گئے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور انتظامی عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا۔ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا جس کے بعد تمام زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا اور حادثے میں ہلاک شدہ افراد کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔
گنا ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ رات تقریباً 9 بجے بس گونا سے ہارون کی طرف جارہی تھی، جب کہ ڈمپر گونا کی طرف آرہا تھا۔ اس دوران بس اور ڈمپر میں تصادم ہوا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ بس میں آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں بس آگ کا گولہ بن گئی۔ جب تک مسافر کچھ سمجھ کر بھاگتے، آگ پوری طرح پھیل چکی تھی۔ واقعہ کے وقت بس میں تقریبا 30 مسافر موجود تھے۔ اور ان میں سے 4 کسی طرح بس سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ اسی دوران زندہ جلنے سے 12 افراد ہلاک اور 14 افراد شدید طور پر جھلس گئے۔