کھرگون:ریاست مدھیہ پردیش کے کھرگون کے اون تھانہ علاقے کے دسنگا گاؤں کے قریب ایک مسافر بس پُل سے نیچے گر گئی۔ یہ بس کھرگون سے اندور جا رہی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق 22 افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ بس میں 50 سے زائد مسافر سوار تھے۔ متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ حادثہ ڈونگرگاؤں پل پر پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور پولیس افسران موقع کی طرف روانہ ہوگئے۔ ایمبولینسیں بھی موقع پر روانہ کر دی گئیں۔ شدید زخمیوں کو کھرگون ضلع اسپتال لے جایا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ خوفناک حادثہ کھرگون ضلع کے ڈونگرگاؤں پل پر پیش آیا۔ جیسے ہی بس پل کے نیچے گری آس پاس کے لوگوں نے شور مچانا شروع کر دیا۔ اسی دوران پولیس کو اطلاع دی گئی۔
تھانہ اون پولیس نے امدادی کام شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق بس اچانک بے قابو ہو کر پُل سے نیچے گر گئی۔ بس پل سے گرتے ہی افراتفری مچ گئی۔ پولیس اور انتظامیہ کے حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو ٹیم مسلسل لوگوں کو نکال کر ہسپتال بھیج رہی ہے۔ بوراڈ ندی میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے بس کے مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ یہ بس ماں شاردا ٹریولس کی بتائی جارہی ہے۔ حادثہ کے بعد ڈونگرگاؤں اور لونارہ گاؤں کے لوگ موقع پر جمع ہوگئے۔ بس کے شیشے توڑ کر زخمیوں کو باہر نکالا گیا۔