عالمی شہرت یافتہ رامپور رضا لائبریری میں مختلف علوم و فنون کی ہزاروں مطبوعات ہیں۔ ساتھ ہی یہاں مقدس کتابیں بالخصوص قرآن کریم کے نادر و نایاب نسخے بھی موجود ہیں۔ قرآن مجید رمضان المبارک میں نازل ہوا ہے اسی مناسبت سے رامپور رضا لائبریری میں ہر سال رمضان کے آخری عشرہ میں قرآن کریم کے نادر و نایاب نسخوں کی نمائش کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج سے رامپور رضا لائبریری کے دربار حال میں قرآن نمائش کا آغاز کیا گیا۔ Rampurs Raza Library Organises Quran Exhibition
قرآن نمائش کا افتتاح معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر شعائر اللہ خاں نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شعائر اللہ خاں نے قرآن مجید کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید نہ صرف اسلام کا آئین ہے بلکہ دنیا کے لئے ہدایت کا پیغام ہے۔ یہ ایک مکمل اور جامع کتاب ہے۔ جس میں سماجیات، معاشیات، عمرانیات، سیاسیات، حکایات اور نصیحتیں ہر چیز کا ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ ہر قوم کے لوگوں کے لیے رشد و ہدایت کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات اس بات کا تقاضا کر رہے ہیں کہ برادران وطن تک قرآن مجید کی تعلیمات کو پہنچایا جائے۔