بھوپال: کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ کے چھوٹے بھائی اور سابق ایم ایل اے لکشمن سنگھ کے سینئر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے بارے میں دیئے گئے ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے، جس میں وہ یہ کہہ رہے کہ راہل گاندھی کو زیادہ 'ہائی لائٹ' کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ لکشمن سنگھ، جو گنا ضلع کی چاچوڈا سیٹ سے ایم ایل اے رہ چکے ہیں، کہتے ہیں کہ راہل گاندھی رکن پارلیمنٹ ہیں۔ وہ صدر نہیں ہیں۔ کانگریس کے کارکن ہیں۔ اس کے علاوہ راہل گاندھی کچھ بھی نہیں ہیں۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ “راہل گاندھی کو اتنا ہائی لائٹ نہ کریں۔ ہم بھی نہیں کریں گے۔ وہ ایم پی ہیں۔ صرف ایک ایم پی ہے اور وہ ہمارے دوسرے ایم پیز کے برابر ہے۔‘‘
لکشمن سنگھ نے کہا کہ کوئی بھی پیدائشی طور پر عظیم نہیں ہوتا۔ یہ کرم سے ہوتا ہے۔ راہل گاندھی کو اتنا بڑا لیڈر نہ سمجھیں۔ سنگھ کا ویڈیو ہفتہ کو گنا ضلع ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے بات چیت کے وقت کا بتایا جاتا ہے۔ لکشمن سنگھ اکثر اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں اور اس بیان کے بعد کئی ریاستی بی جے پی لیڈروں نے اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے۔