بھوپال: وزیر اعظم نریندر مودی اپنے ایک روزہ دورے پر صبح تقریباً 10 بجے خصوصی پرواز سے یہاں پہنچ گئے ہیں۔ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے "میرا بوتھ سب سے مضبوط" پروگرام کے تحت لاکھوں کارکنوں کے ساتھ بات چیت کے پروگرام میں شامل ہوں گے
وزیر اعظم نریندر مودی مدھیہ پردیش کو دو نئی وندے بھارت ٹرینوں کا تحفہ دینے دارالحکومت بھوپال کے رانی کملا پتی اسٹیشن پہنچے۔ یہاں ان کا استقبال ریاستی گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، مرکزی وزراء اشونی وشنو، جیوترادتیہ سندھیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر وی ڈی شرما نے کیا۔ یہاں سے وزیر اعظم ملک کو نئی وندے بھارت ٹرینوں کا تحفہ دیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم مودی ایک خصوصی طیارے سے صبح تقریباً 10 بجے راجہ بھوج ہوائی اڈے پر پہنچ گئے ہیں جہاں گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور بی جے پی کے سینئر رہنما ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ وزیراعظم یہاں سے ہیلی کاپٹر سے برکت اللہ یونیورسٹی کیمپس میں بنائے گئے ہیلی پیڈ پر پہنچے۔ اس کے بعد مودی بذریعہ سڑک رانی کملا پتی ریلوے اسٹیشن پہنچ کر بھوپال سے اندور اور بھوپال سے جبل پورکے لئے شروع ہونے والی وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ اس کے علاوہ تین دیگر وندے بھارت ٹرینوں کو ورچوئلی ہری جھنڈی دکھائیں گے۔