بھوپال:وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کی صدارت میں آج کابینہ کی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کی نئی ٹرانسفر پالیسی کو منظوری دی گئی۔ نئی ٹرانسفر پالیسی کا اطلاق سیشن 2023-24 سے ہوگا۔ تمام کیڈرز کے تبادلے کا عمل 31 مارچ سے 15 مئی کے درمیان مکمل کیا جائے گا۔
تبادلہ کے لیے پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست دینا لازمی ہوگا۔ رضا کارانہ منتقلی بھی صرف آن لائن ہوگی۔ ریلیف اور جوائننگ آن لائن ہی کی جائے گی۔ ایک بار رضاکارانہ منتقلی کے بعد تین سال تک کوئی منتقلی نہیں کی جائے گی، سوائے خصوصی حالات کے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی بھی اسکول اساتذہ کے بغیر نہ ہو۔
نئی ٹرانسفر پالیسی میں انتظامی منتقلی اور پھر رضاکارانہ منتقلی کو ترجیح دی جائے گی۔ نئے تعینات ہونے والے اساتذہ کو دیہی علاقوں کے اسکولوں میں کم از کم 3 سال اور اپنی پوری سروس کی زندگی کے کم سے کم 10 سال تک کام کرنا ہوگا۔ شہری علاقے میں 10 سال یا اس سے زیادہ مدت کے لیے تعینات اساتذہ کو دہی علاقوں میں اساتذہ کے کمی کے باعث تعینات کیا جاسکتا ہے۔