بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش میں اس سال موسم برسات میں کم بارش ہونے کی وجہ سے کسانوں کے علاوہ عام عوام بھی پریشان ہیں۔ بارش نہ ہونے سے ڈیم، تالاب خالی ہے اور فصلیں بھی خراب ہو رہی ہے۔ بارش کو لے عوام فکرمند ہیں تو وہیں تیز دھوپ کی وجہ سے لوگوں کا برا حال ہے۔ سبھی لوگ آسمان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ وہیں ضلع ودیشہ کی تحصیل سرونج میں مسلم طبقے نے بارش کے لیے خصوصی نماز کا اہتمام سرونج کی عیدگاہ پر کیا۔
اس دوران ہزاروں کی تعداد میں مسلم طبقے کے لوگ عیدگاہ پہنچے اور بارش کے لیے گڑگڑا کر دعا کی۔ جامع مسجد کے امام حافظ نورالدین نے بتایا کہ مذہب اسلام میں بتایا گیا ہے کہ بارش نہ ہونے کی صورت میں شہر سے باہر جاکر نماز استسقاء ادا کی جاتی ہے اور اچھی بارش کے لیے دعا کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے گناہوں کی معافی مانگنا چاہیے اور ہر وہ کام سے بچنا چاہیے جس سے خدا ناراض ہوتا ہے۔ مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ اگر آج بارش نہیں ہوتی ہے تو نماز استسقاء کا سلسلہ تین دنوں تک جاری رہے گا۔