بھوپال: متنازع بیانات کے لیے سرخیوں میں رہنے والی ریاست مدھیہ پردیش کے بھوپال کی رکن پارلیمان پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے ایک بار پھر متنازع بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں جب ظلم بڑھتا ہے اور ملک کے ساتھ جب غداری کی جاتی ہے تو اس کے کئی وجوہات ہوتے ہیں۔ ہمارے ملک میں روہنگیا آئے اور ان کی اولادیں بھی آئیں اور وہ اپنا بھیس بدل کر یہاں رہ رہے ہیں اور یہاں پر دہشت گردی، چوری، بدمعاشی اور غیر قانونی کام انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے اولادیں کبھی وطن پرست نہیں ہو سکتیں۔ بنگلہ دیش کے لوگوں کی اولاد وطن پرست نہیں ہو سکتیں، یہ بھی گارنٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندؤں کے بچوں کو مسلمان ورغلا کر ان کا مذہب تبدیل کر کے انہیں لے جا رہے ہیں۔ہندو ایک ہی بچہ پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہندو سماج کے لوگ یتیم خانوں سے بچے گود لیتے ہیں اور خود بچے پیدا کرنے سے بچتے ہیں۔ میں اس کی مخالفت کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہندو وطن پرست ہیں اور انہیں زیادہ بچے پیدا کرنا چاہیے اور ملک کو بچانا چاہیے ورنہ ہمارے مخالف ہمیں ختم کرنے پر آمادہ ہیں اور یہ ہمیں برداشت نہیں ہے۔
پرگیہ سنگھ نے ایک خاص طبقہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مقصد کو پورا کر رہے ہیں۔ وہ تبدیلی مذہب اور لوجہاد جیسے کاموں کو انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا حزب التحریر اور پی ایف آئی جیسی تنظیمیں جس طرح سے چلائی جا رہی ہے ان کو دیکھتے ہوئے میں یہ کہہ رہی ہوں کی ایک تنظیم پر پابندی لگائی جاتی ہے تو دوسری تنظیم کھڑی ہو جاتی ہے، جس طرح سے یہ تنظیمیں کھڑی ہوں گی ہم سناتنی ان پر پابندی عائد کرتے رہیں گے۔