بھوپال پولیس نے کانگریس رکن اسمبلی عارف مسعود، کچھ مسلم علما اور 2 ہزار مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ وہ فرانس میں پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی اور فرانسیسی صدر کے بیان پر احتجاج کر رہے تھے۔
بھوپال میں فرانس کے خلاف احتجاج کے بعد دو ہزار افراد کے خلاف مقدمہ پولیس کے مطابق کوویڈ۔19 پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کے بعد 2 ہزار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔
تلیا پولیس اسٹیشن کے عہدیدار ڈی پی سنگھ نے بتایا کہ رکن اسمبلی مسعود اور کچھ علمائے کرام کے علاوہ 2 ہزار افراد کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 188 (سرکاری ملازمین کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ کی نافرمانی) کے تحت فرد جرم عائد کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ احتجاجی مظاہرین نے کورونا کے پھیلاؤ میں روک تھام کےلیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نافذ پابندیوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
کانگریس کے رکن اسمبلی نے گذشتہ روز مسلم علما کے ساتھ ملکر فرانس میں پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کے خلاف اقبال میدان میں زبردست احتجاجی جلسہ منعقد کیا جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی۔