ریاست مدھیہ پردیش کا مینی ممبئی کہے جانے والے اندور شہر میں واقع اندور سینٹرل جیل میں مزاحیہ اداکار منور فاروقی گذشتہ ایک مہینے سے بھی زیادہ مدت سے بند تھے، کامیڈین منور پر الزام اس وقت عائد ہوا تھا جب وہ اندور میں کامیڈی شو میں شرکت کرنے آئے تھے۔ شو کے دوران ہندو وادی قائدین پہنچے اور الزام عائد کیا کہ تم نے ہمارے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ جس پر پولیس نے معاملہ درج کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا تھا۔
منورفاروقی کی رہائی میں تاخیرکیوں؟ - منورفاروقی کی رہائی میں تاخیرکیوں؟
ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور میں مزاحیہ اداکار کو آدھی رات کو جیل سے رہائی مل گئی۔ ان پر مبینہ فرقہ پرست رہنماؤں کی جانب سے ایک مخصوص مذہب کے ماننے والوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
منور فاروقی کے وکیلوں نے اندور ڈسٹرکٹ کورٹ اور ہائی کورٹ میں ضمانت کی عرضی داخل کی تھی جس پر سماعت کے بعد کورٹ نے ان کی ضمانت کی عرضی کو مسترد کر دیا تھا۔ اس کے بعد منور کے وکیلوں نے سپریم کورٹ میں ضمانت کی عرضی داخل کی تھی جس پر جمعہ کو سماعت ہوئی اور سپریم کورٹ نے 11 منٹ کی سماعت کے بعد منور فاروقی کو عبوری ضمانت دے دی تھی۔
تاہم سنیچر کو جب ان کے وکیل اور رشتہ دار منور فاروقی کی رہائی کے لیے جیل پہنچے تو انہیں کافی طویل انتظار کرنا پڑا، کچھ افراد کا ماننا یہ بھی ہے کہ جان بوجھ کر ان کی رہائی میں تاخیر کی گئی، آخر لمبے وقت کے انتظار کے بعد منور فاروقی کو آدھی رات کو جیل سے رہا کردیا گیا۔