بھوپال:مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی اور محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام سلسلہ پروگرام کے تحت 'ہم سے پوچھو کہ غزل کیا ہے غزل کا فن کیا ہے' موضوع پر خطاب اور شعری نشست کا انعقاد بھوپال کے سوراج بھون میں کیا گیا۔ اس موقع پر اردو اکیڈمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی نے 'سلسلہ پروگرام' کے تحت ریاست کے تمام اضلاع میں شعری اور ادبی نشستیں منعقد کرنے کا خاکہ تیار کیا ہے۔ جس کے تحت سبھی اضلاع میں مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی نے کوآرڈینیٹر بنائے ہیں جو نئے تخلیق کاروں کی تلاش کریں گے۔ اسی سلسلے کا پہلا پروگرام بھوپال میں منعقد کیا گیا ہے۔ اس کے بعد دیگر اضلاع میں بھی اس طرح کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
آج کے پروگرام میں بھوپال کے ایسے شاعر اور ادیب اپنی تحقیقات پیش کر رہے ہیں جنہیں مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کے پلیٹ فارم پر کم موقع ملا ہے۔ اس پروگرام میں ان شاعروں کی رہنمائی کے لیے شاعری کے حوالے سے خطاب بھی رکھا گیا ہے جس میں معروف ادیب، شاعر اور افسانہ نگار پروفیسر یعقوب یاور نے شاعری کی فنی خصوصیات پر گفتگو کی۔