مورینا/ کرولی:مدھیہ پردیش اور راجستھان سرحد پر ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ کرولی ماتا مندر درشن کے لیے جارہے متعدد عقیدت مند چمبل ندی میں ڈوب گئے۔ پولیس نے تیراک کی مدد سے ایک خاتون سمیت چار افراد کی لاشیں برآمد کرلی ہیں۔
مدھیہ پردیش اور راجستھان کی سرحد پر ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے جہاں کرولی دیوی کے درشن کرنے جانے والے عقیدت مند چمبل ندی میں بہہ گئے۔ بتا دیں کہ تقریباً ڈیڑھ درجن عقیدت مند مدھیہ پردیش کے شیو پوری سے راجستھان کے کرولی ضلع میں کیلا دیوی کے درشن کے لیے جا رہے تھے۔ اس دوران مندریال کے رودھائی گھاٹ چمبل ندی میں یہ حادثہ ہوا۔ اس وقت مقامی تیراک کی مدد سے 1 خاتون سمیت 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ 10 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ دیگر تین عقیدت مندوں کی تلاش جاری ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں۔