بھوپال: سابق گورنر اور کانگریس کے سینئر لیڈر عزیز قریشی نے اپنی ہی پارٹی کانگریس پر سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نرم ہندوتوا کی طرف بڑھنے والی کانگریس کو مسلمانوں سے سو فیصد ووٹ ملنے کی امید ہے لیکن پارٹی کی سطح پر انہیں کسی بھی پلیٹ فارم پر جمع کرنا بھی گوارا نہیں ہے۔ حال ہی میں دہلی میں منعقد ہوئی میٹنگ میں ریاست کے کسی بھی مسلم لیڈر کو شامل نہ کرنے سے کمیونٹی میں ناراضگی بڑھنے لگی ہے۔ مسلم طبقے میں جاری بحث میں یہ کہا جارہا ہے کہ کانگریس کرناٹک میں دلت، پسماندہ اور مسلم برادریوں کے اتحاد سے اقتدار میں آئی ہے۔ لیکن اس کے برعکس ریاست مدھیہ پردیش میں کانگریس صدر کمل ناتھ کی طرف سے مسلم طبقہ کے لیڈروں کو مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے۔
دہلی میں ریاست کے بڑے لیڈروں کی میٹنگ میں کسی مسلم لیڈر کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ صدر ملکارجن کھرگے، جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے دہلی میں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ریاست کے پارٹی لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی تھی۔ لیکن ریاست کے تین بڑے مسلم لیڈروں عزیز قریشی، سابق مرکزی وزیر اسلم شیر خان اور عارف عقیل جو پانچ سے زیادہ مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے ہیں کو اس ملاقات سے دور رکھا گیا۔ بات چیت میں کہا جا رہا ہے کہ یہ بڑی تشویش کی بات ہے کہ کانگریس مسلمانوں کو صرف اپنے ووٹ بینک سے زیادہ کچھ نہیں سمجھتی۔ مسلمانوں کو کانگریس سے ہوشیار رہنے کی اشد ضرورت ہے جو پوری طرح سے ہندوتوا کے راستے پر آ چکی ہے اور انہیں اس بار کے اسمبلی انتخابات میں سبق سکھایا جا سکتا ہے۔