بھوپال : تعلیم کے حصول کو آسان بنانے اور سبھی تک مفت تعلیم کی روشنی پہنچانے کی غرض سے مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریئر پروموشن سوسائٹی نے اپنے دائرے کو وسیع کیا ہے۔ سوسائٹی کے دائرے کے تحت جہاں پہلے بھوپال کے مسلم طلبا کو اسکالرشپ دینے کے ساتھ انہیں مفت ٹریننگ دی جاتی تھی وہیں اب سوسائٹی نے کشمیر سے کنیا کماری تک بلا لحاظ قوم و ملت سبھی مذاہب کے لوگوں کو یکساں طور پر مفت سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ ٹریننگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریر پروموشن سوسائٹی کے سکریٹری ڈاکٹر ظفر حسن نے بتایا کہ بنیادی بات یہ ہے کہ قوم و ملک کے بچوں کو تعلیم یافتہ بنانا۔ لیکن صرف تعلیم دینے سے مسائل حل نہیں ہوتے ہیں بلکہ ڈگریاں لینے کے بعد بچوں کی مشکلات میں اور اضافہ ہوجاتا ہے اور وہ جاب کو لیکر پریشان رہتے ہیں۔ تو ہماری کوشش ہے کہ وہ بچے جنہوں نے ہمارے یہاں سے اسکالرشپ حاصل کی ہے ۔ یا وہ بچے جنہیں اسکل ڈیولپمنٹ کے لئے ٹریننگ کی ضرورت ہے ،جس کی بات ہمارے وزیر اعظم سے بڑی مضبوطی سے کر رہے ہیں ۔ وہ اگر طلبا کے پاس ہوگی تو ہمارے طلبا کے لئے ملازمت کے دروازے مزید کھل جاتے ہیں ۔تو اس کے لئے ہم نے یہ مفت کورس شروع کیا ہے ۔اور یہ کوشش کی ہے کہ اس میں کشمیر سے لیکر کنیا کماری تک ،کوئی بھی طالب علم ہو،کسی بھی مذہب کا ہو،وہ ہمارے یہاں آئے اور ہمارے ماہرین کی نگرانی میں مفت ٹریننگ حاصل کریں۔ Muslim Education and Career Promotion Society
انہوں نے کہا کہ جو کورسیز ہم کروارہے ہیں مارکیٹ میں اسی کورس کی فیس پچاس سے ساٹھ ہزار روپے ہے مگر سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ پروگرام کی مفت ٹریننگ دے رہے ہیں تاکہ سبھی مذاہب کے طلبا یہاں آئیں اور مفت ٹریننگ لے کر جاب حاصل کریں اور اپنی کفالت کے ساتھ اپنے گھر، اپنی قوم اور اپنے ملک کی ترقی کا حصہ بنیں۔ Mecaps Skill Development Program