بھوپال:ریاست مدھیہ پردیش کی مساجد کمیٹی ایک نئی پہل کرنے جا رہی ہے۔ ممکن ہے کی یہ اپنے طرح کا ملک کا پہلا ایسا انعقاد ہوگا جس میں مسلم طبقے کی طلاق شدہ مرد و خواتین کو ایک بار پھر ان کی ازدواجی زندگی سے جوڑنے کا کام کیا جائے گا۔ اس کام کے لئے مساجد کمیٹی اپنا 12 سال کا ریکارڈ تلاش کر رہی ہے تاکہ ان سے رابطہ کر ان کی کونسلنگ کر انہیں پھر سے ازواجی زندگی سے باندھا جاسکے۔
اس کے لئے باقاعدہ ایک پلان تیار کیا گیا ہے جس میں سب سے پہلے ریاست کے تین اضلاع بھوپال، رائسین اور سیہور کا ریکارڈ تلاشا جارہا ہے۔ اس کی بنیاد پر ان سبھی اہل خانہ سے رابطہ کیا جائے گا اور بات کر کے انہیں بلا کر ان کی رائے جانیں گے۔ سب کچھ ٹھیک رہا تو ایسے لوگوں کا تعارفی جلسہ منعقد کیا جائے گا اور رشتہ طے ہونے کے بعد نکاح کروائے جائیں گے۔ مساجد کمیٹی کے سیکریٹری یاسر عرفات نے بتایا کہ ہم اس پہل کے تحت 2010 سے 2015 تک کے 1500سے زائد لوگوں کا ڈیٹا تیار کر چکے ہیں۔ اس میں 750 خواتین اور 750 مرد شامل ہیں۔