بھوپال: دارالحکومت بھوپال میں واقع شیاملہ بلس ٹرائل میوزیم آدیٹوریم میں مدھیہ پردیش اردو اکاڈمی، سنسکرتی پریشد محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام اردو میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والے طلبا کے لیے تقسیم انعامات تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقعے پر مہمانان خصوصی کے طور پر اندور سے افتخار حسین نقوی اور بھوپال سے ڈاکٹر رضیہ حامد اسٹیج پر موجود رہے۔ اجلاس کی شروعات میں مہمانان کا استقبال کرنے کے بعد ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکاڈمی،محکمہ ثقافت کے ماتحت اردو کے فروغ کے لئے کام کررہی ہے۔ اردو ادب کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے.
اسی سلسلے کے تحت آج اسکول لیول پر اردو مضمون میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والوں کو انعامات تقسیم کئے جارہے ہیں تاکہ انھیں حوصلہ ملے اور وہ مستقبل میں مزید بہتر کام کرسکیں۔ ڈاکٹر نصرت مہدی نے کہا کہ ہم اردو اکیڈمی کے ذریعہ نئی نسل کو اگے لانے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ اردو زبان کے فروغ کی بات کی جائے تو ہمیں اس کی شروعات نئی نسل سے ہی کرنا چاہیے۔ نصرت مہندی نے بتائے کی پوری ریاست سے 223 طلبات کا نام سامنے آیا ہے اور ابھی بورڈ کے امتحانات چلنے کی وجہ سے ریاست کے دیگر اضلاع سے طلبات نہیں پہنچے ہیں اس لئے ابھی بھوپال کے 106 طالبات کو اعزاز دیا جارہا ہے۔جو بچ گئے ہیں انہیں ان کے ضلعوں میں تقریب کے ذریعہ انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔