تعلیمی مرکز کہلانے والا مدھیہ پردیش کا شہر اندور ہمیشہ کسی نہ کسی وجہ سے سرخیوں میں رہتا ہے اور اس بار یہاں ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ایک روبوٹ نے حاضرین سے خطاب کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ صوفیہ نامی یہ روبوٹ دنیا کا واحد روبوٹ ہے جسے شہریت حاصل ہے۔
اس کانفرنس میں 55 ممالک کے طلبا و طالبات سمیت متعدد ماہرین نے بھی شرکت کی، جس میں صوفیہ نے سبھی کے سوالوں کا جواب دیا۔
اندور کے ایک اسکول نے راونڈ اسکوائر انٹرنیشنل کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں 55 ممالک کے طلبا نے شرکت کی، جس میں طلبا اور صوفیہ کے مابین بات چیت کا سیشن رکھا گیا تھا۔
اس کانفرنس کی نظامت فلمساز اترا سنگھ کر رہی تھیں، سیشن شروع ہوتے ہی اترا سنگھ نے صوفیہ سے سوال پوچھنا شروع کیا جو ماحولیات سے متعلق تھے
اس کے علاوہ روبوٹ سے مزاحیہ سوال بھی پوچھے جس کا اس نے بڑی خوبصورتی سے جواب دیا اور کہا کہ 'ماحولیات کو لے کر حکومت کو سخت قدم اٹھانے چاہئیں۔'
اس بابت سدھارتھ سنگھ نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'بات چیت کا سیشن بہت کامیاب رہا کیونکہ 55 ممالک کے طلبا میں بڑی خوشی ہے کہ انہوں نے صوفیہ سے ملاقات اور باتیں کیں۔'
واضح رہے کہ صوفیہ اس وجہ سے سرخیوں میں ہیں کیوںکہ اس کی عادات و اطوار ہو بہو انسانوں کی طرح ہیں۔