بھوپال: مدھیہ پردیش کے کونو نیشنل پارک سے ایک اور افسوسناک خبر آئی ہے۔ پراجیکٹ چیتا کے تحت لائے گئے چیتوں میں سے ایک اور چیتے کی موت ہو گئی ہے۔ آج صبح تیجس نام کا یہ چیتا زخمی حالت میں پایا گیا۔ اطلاع ملتے ہی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم موقعے پر پہنچ گئی لیکن جب تک اس کا موقعے پر معائنہ کیا گیا تب تک اس کی موت ہوچکی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ چیتا تیجس کی گردن پر گہرے زخم پائے گئے ہیں۔ کونو میں اب تک تین بچوں سمیت سات چیتے مر چکے ہیں۔
حکام چیتوں کے آپسی جھگڑے کو وجہ بتا رہے ہیں
محکمہ جنگلات کے حکام نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ صبح 11 بجے کے قریب چیتاوں کی نگرانی کے لیے تعینات ٹیم کو نر چیتا تیجس کی گردن کے اوپری حصے پر چوٹ کے نشانات دیکھائی دیے۔ اس تیندوے کو بوما نمبر 6 میں رکھا گیا تھا۔ اس کی اطلاع مانیٹرنگ ٹیم نے پالپور ہیڈ کوارٹر میں موجود وائلڈ لائف ڈاکٹروں کو دی۔ وائلڈ لائف ڈاکٹروں نے موقعے پر تیجس چیتے کا معائنہ کیا۔ اس کے زخم سنگین نوعیت کے تھے۔ تیجس کو بے ہوش کرنے کی اجازت ملنے کے بعد ڈاکٹروں کی ایک ٹیم تیاریوں کے ساتھ موقعے کی طرف روانہ ہوگئی۔ حالانکہ نر چیتا تیجس کی دوپہر تقریباً دو بجے موت ہو گئی۔ حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد ہی اس کی موت کی وجہ معلوم ہو سکے گی۔